جمعرات 12 نومبر 2026 - 02:35
راجستھان کے مختلف مقامات پر مجالسِ عزائے فاطمیہ کا اہتمام، علماء کرام کی تبلیغی خدمات جاری

حوزہ/ راجستھان شیعہ علماء کمیٹی کے زیر اہتمام صوبے کے مختلف شہروں اور بستیوں میں مجالسِ عزاء کا انعقاد؛ علماء کرام سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، علومِ اہل بیتؑ، مرجعیت اور ولایتِ فقیہ جیسے موضوعات پر خطاب کر رہے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، راجستھان/ ایامِ شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے راجستھان کے مختلف شہروں، قصبوں اور شیعہ بستیوں میں راجستھان شیعہ علماء کمیٹی کے زیر اہتمام ایامِ عزائے فاطمیہ کا سلسلہ عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر مجالسِ عزاء، ماتم داری، جلوس ہائے عزاء اور نذر و نیاز کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جس میں مؤمنین کی بڑی تعداد شرکت کرکے دخترِ رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق، ان ایام میں صوبے کے مختلف علاقوں میں علماء کرام کی دینی و تبلیغی خدمات کو منظم انداز میں جاری رکھا گیا ہے۔ صدر علماء راجستھان مولانا سید کاظم علی زیدی استقبالِ ایامِ عزائے فاطمیہ کے موقع پر راجستھان کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہیں اور ہر علاقے میں کم از کم ایک مجلسِ عزاء برپا کرتے ہیں۔ اس دوران آمد و رفت سمیت تمام سفری اخراجات بھی وہ خود برداشت کرتے ہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ مقامات پر مجالسِ عزاء کا انعقاد ممکن ہو سکے۔

ماہِ جمادی الثانیہ کا چاند نظر آتے ہی راجستھان کی مختلف شیعہ بستیوں میں پانچ مجالس پر مشتمل ایامِ عزائے فاطمیہ کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ ان مجالس میں مصائبِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے بیان کے ساتھ دینی، فکری اور اعتقادی موضوعات پر بھی روشنی ڈالی جاتی ہے۔

ایامِ عزاء کے دوران علماء کرام اپنے خطابات میں جدید سائنس اور علومِ آلِ محمد علیہم السلام کے باہمی تعلق، دورِ حاضر میں مرجعیت کے مقام و اہمیت، ولایتِ فقیہ، دینی شعور اور عصرِ حاضر کے تقاضوں جیسے اہم موضوعات کو زیرِ بحث لا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہر مجلس میں امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے موضوع پر خصوصی گفتگو کی جاتی ہے، تاکہ مؤمنین کے درمیان معرفتِ امام، انتظارِ فرج اور دینی ذمہ داریوں کا شعور مزید مستحکم ہو۔

مجالس کے اختتام پر مراجعِ عظام کی طولِ عمر، امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود، انقلابِ اسلامی کی کامیابیوں کے تسلسل اور بالخصوص امام حسین علیہ السلام کے منتقم، حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہورِ پُرنور کے لیے دعائیں بھی کی جارہی ہیں۔

ایامِ عزائے فاطمیہ کے سلسلے میں جن علماء کرام نے مختلف شہروں اور بستیوں میں مجالس و تبلیغی خدمات کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، ان کے نام اور مقامات درج ذیل ہیں:

1. راجوسی، ضلع اجمیر — مولانا سید کاظم علی صاحب

2. دھولپور سٹی — مولانا علی حیدر صاحب

3. ادیپور سٹی — مولانا فیروز مرزا صاحب

4. بھوپال ساگر — مولانا ذیشان حیدر صاحب

5. موتی پورہ — مولانا شبیہ الحسن صاحب

6. سورج پورہ — مولانا غلام مصطفیٰ صاحب

7. گواڑیہ — مولانا علی حسین صاحب

8. دورائ، شیعہ جامع مسجد — مولانا علی حیدر صاحب

9. دورائ، مشہدی مسجد — مولانا محمد عباس صاحب

10. دورائ، روضہ والی مسجد — مولانا عرفان حیدر صاحب

11. تارہ گڑھ، جامع مسجد — مولانا نقی مہدی صاحب

12. تارہ گڑھ، شہزادوں والی مسجد — مولانا نقی حسین صاحب

13. تارہ گڑھ، مسجد المنتظر — مولانا مظفر حسین صاحب

14. روپن گڑھ — مولانا احتشام حسین صاحب

15. جے پور سٹی — مولانا نازش اکبر صاحب

16. جے پور سٹی — مولانا علی امام صاحب

17. بھوکر، ضلع الور — مولانا محمد مہدی صاحب

18. سری گنگا نگر — مولانا پیمبر رضا صاحب

19. مرینہ سٹی — مولانا عباس رضا صاحب

20. باسن، ضلع سروہی — مولانا ظہور امام صاحب

راجستھان کے مختلف علاقوں میں جاری یہ سلسلہ ایامِ عزائے فاطمیہ کی مناسبت سے دینی و تبلیغی سرگرمیوں کے فروغ اور مجالسِ اہل بیت علیہم السلام کے ذریعے معارفِ فاطمیہ کو عام کرنے کی ایک منظم کوشش ہے۔ علماء کرام اور مؤمنین کی مشترکہ کاوشوں سے ان ایام میں صوبے کی مختلف شیعہ بستیوں میں عزاداری اور دینی اجتماعات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha